لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ شور شرابہ، فتنہ اور گالم گلوچ کی سیاست اب دفن ہو چکی ہے، پنجاب میں خدمت، کارکردگی اور عوامی ریلیف کی سیاست نے جگہ لے لی ہے،وہ "اپنی چھت اپنا گھر” اسکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ دنیا بھر میں اس ماڈل کو مثال کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ "اپنی چھت اپنا گھر” منصوبہ ان کے دل کے بہت قریب ہے، یہ محض ایک تعمیراتی منصوبہ نہیں بلکہ ہزاروں خاندانوں کے خوابوں کی تعبیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صرف سات ماہ میں 64 ہزار افراد کو بغیر سود قرض دیے جا چکے ہیں، جن کی مدد سے 9 ہزار گھر مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 45 ہزار گھروں کی تعمیر جاری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگست کے اختتام تک یہ تعداد 75 ہزار تک پہنچ جائے گی۔
انہوں نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ پنجاب حکومت صرف لاہور کو ترجیح دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قرضوں کی یہ اسکیم پنجاب کے تمام اضلاع میں جاری ہے اور مکمل طور پر میرٹ پر مبنی ہے، انہوں نے کہاکہ کوئی بھی شخص ہاتھ کھڑا کر کے یہ نہیں کہہ سکتا کہ اسے سفارش پر قرض ملا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا کہ آئندہ پانچ برسوں میں وہ 5 لاکھ سے زائد گھروں کی فراہمی کا ہدف رکھتی ہیں، اور ہر سال ڈیڑھ لاکھ گھروں کی تعمیر کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی، یہ قرضے بغیر کسی تشہیر کے دیے گئے، محنت کشوں اور مزدوروں نے جنہیں پہلے کبھی اپنا گھر نصیب نہ ہوا، آج اپنی چھت تلے سکون سے زندگی گزار رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جن افراد کے پاس زمین ہے، انہیں بلاسود قرض دیا گیا، اور جن کے پاس زمین نہیں ان کے لیے اب "اپنی زمین اپنا گھر” کے نام سے ایک نئی اسکیم متعارف کرائی جا رہی ہے، جس کا آغاز پہلے مرحلے میں 2 ہزار پلاٹس کی تقسیم سے کیا جائے گا۔ اس اسکیم کا دائرہ کار پہلے مرحلے میں پنجاب کے 19 اضلاع تک ہوگا۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف مسلسل شہباز شریف کو مہنگائی کم کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کی تلقین کرتے ہیں، اور موجودہ حکومت اس سمت میں عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان اور پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہیں، لوگوں کو روزگار مل رہا ہے، گھروں کی تعمیر ہو رہی ہے اور ماضی کی مایوسیوں کی جگہ امید نے لے لی ہے۔
یاد رہے کہ چھت اپنا گھر” اسکیم کا آغاز وزیراعلیٰ مریم نواز نے رواں برس ابتدائی مہینوں میں کیا تھا، جس کے تحت کم آمدنی والے افراد کو بغیر سود قرض دے کر اپنے گھروں کی تعمیر کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہ اسکیم مسلم لیگ ن کے سوشل ویلفیئر منصوبوں کا تسلسل ہے، جو ماضی میں نواز شریف اور شہباز شریف کی حکومتوں میں بھی متعارف کرائے جاتے رہے۔