لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حالیہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر صوبے میں آبی ذخائر (واٹر ریزروائرز) بنانے کا جائزہ لینے کا حکم دے دیا ہے تاکہ آئندہ بڑے پیمانے پر آنے والے سیلاب سے مؤثر طور پر بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سرحدی علاقے تلوار پوسٹ اور شیخ پورہ نو کے ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیلاب متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ خاندانوں کی کشتی کے ذریعے آمد پر خیر مقدم کیا اور ایک معصوم بچے کو گود میں لے کر اس کی والدہ کے حوالے کیا، جس پر متاثرین نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ نے سیلاب میں گھرے ایک نومولود بچے کو محفوظ نکالنے پر ڈی ایس پی نعمان کو انعام دیا اور ریسکیو ٹیم کی بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔
مریم نواز نے تلوار پوسٹ پر قائم لائیو اسٹاک، ہیلتھ، ریسکیو، پولیس اور دیگر محکموں کے کیمپس کا بھی جائزہ لیا۔ بعد ازاں انہوں نے قصور میں فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔
بھارت نے سلال ڈیم کے دروازے کھول دئیے، دریائے چناب میں 8 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا متوقع
وزیراعلیٰ نے عارضی اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور حکام سے فلڈ ریلیف آپریشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی حاصل کی۔