وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پانی چوری کے الزامات پر جواب دینا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ذمہ داری ہے، کیونکہ وہ خود صوبے کے مؤقف کی نمائندگی کر رہی ہیں۔
انہوں نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ مریم نواز نے فیصل آباد میں اپنی تقریر میں جو کہا وہ کسی جماعت پر تنقید نہیں تھی بلکہ ایک واضح مؤقف تھا۔ انہوں نے صرف پنجاب کے حق کی بات کی ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب کو پانی چوری کا طعنہ دیا جائے گا تو ظاہر ہے کہ جواب بھی وزیر اعلیٰ پنجاب ہی دیں گی۔ تمام صوبوں کو اپنے وسائل میں رہ کر اپنے عوام کی خدمت کرنی چاہیے۔
انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مہنگائی میں 10 ہزار روپے ناکافی ہیں، اس پروگرام کو صوبوں کے حوالے کیا جانا چاہیے جبکہ وفاق بھی اس میں اپنا حصہ ڈالے۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گزشتہ روز زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب اپنے صوبے کے لیے نہریں نکالتا ہے تو کچھ حلقوں کو اعتراض ہوتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پنجاب اور پنجابیوں پر بات کی گئی تو وہ جواب ضرور دیں گی۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ چولستان جیسے علاقوں کے لیے پانی نکالا گیا، نہریں اپنے گھر کے لیے نہیں بلکہ عوام کے لیے نکالی گئیں۔ ان کا مؤقف تھا: "میرا پانی، میرا پیسہ، میری مرضی، آپ کو کیا تکلیف ہے؟”
رانا ثنا اللہ نے اسی مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے جو کہا، وہ درست ہے اور یہ ان کی آئینی و سیاسی ذمہ داری ہے۔