وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جاپان کے شہر اوساکا میں جاری ورلڈ ایکسپو 2025 کا دورہ کیا جہاں انہیں ایکسپو ایسوسی ایشن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اکی نوکی ماناٹسو نے بریفنگ دی۔
مریم نواز نے "بہتر زندگی کے لیے مستقبل کے معاشرے کی تشکیل” کے عنوان کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تھیم جدید دنیا کی ضروریات کو خوبصورتی سے اجاگر کرتا ہے۔ ایکسپو میں دنیا بھر سے 150 کمپنیوں نے انسانی زندگی کو بہتر بنانے والے آلات، خدمات اور جدید طریقے پیش کیے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے پاکستانی پویلین کا بھی دورہ کیا جہاں اُن کا پرجوش استقبال کیا گیا۔ انہوں نے پاکستانی اور غیر ملکی سیاحوں سے ملاقات کی اور گفتگو میں اس بات کا اظہار کیا کہ پنجاب کو "فیوچر سٹی” کے تصور پر ترقی دی جائے گی۔
مریم نواز کا دورہ جاپان، 16 کروڑ کے اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئیں
دورے کے دوران مریم نواز نے ماحول دوست زراعت کے اسٹال KUBOTO اور دنیا کی سب سے بڑی لکڑی سے بنی عمارت گرینڈ رنگ کا بھی مشاہدہ کیا، جو 20 میٹر اونچی اور 61 ہزار مربع میٹر پر محیط ہے۔
ایکسپو میں "تاریک رات میں قوس قزح” کے عنوان سے واٹر اینڈ لائٹ شو بھی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔