فیصل آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کو بار بار مالی امداد کی تلاش کی بجائے خود انحصاری کی راہ اپنانی چاہیے، اور "مانگنے والا” رویہ اب ماضی کا حصہ بن جانا چاہیے۔
فیصل آباد میں ایک عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر مسئلے کا حل محض امداد کے کشکول میں تلاش کرتے ہیں، جبکہ اصل ضرورت خود کفالت کی طرف بڑھنے کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی مالیاتی کمیشن (NFC) کے فنڈز تمام صوبوں کو مساوی بنیادوں پر فراہم کیے جاتے ہیں، تاہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ دوسرے صوبے اپنے حصے کی رقم کہاں خرچ کرتے ہیں؟
مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ سماجی امدادی پروگرامز جیسے بے نظیر انکم سپورٹ اسکیم ہر مسئلے کا حل نہیں ہو سکتے، بلکہ مستقل اور دیرپا حل کے لیے مضبوط معاشی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
پانی کے وسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب اگر اپنی نہروں کی بہتری اور چولستان جیسے علاقوں کو آباد کرنے کی کوشش کرے تو اعتراضات اٹھائے جاتے ہیں، حالانکہ ان اقدامات کا مقصد پانی چوری کرنا نہیں بلکہ بنجر زمینوں کو قابلِ کاشت بنانا ہے۔