وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سبزیوں کے نرخ کم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کا اعلان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اشیائے خورونوش، بالخصوص سبزیوں کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں مہنگائی سے نمٹنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔

latest urdu news

اجلاس میں ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے پر وزیراعلیٰ نے گہری تشویش کا اظہار کیا اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ نرخوں میں کمی اور اشیاء کی بلاتعطل دستیابی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے حکم دیا کہ تمام دکانوں پر نرخ نامے نمایاں طور پر آویزاں کیے جائیں، جبکہ ہر بازار کے داخلی راستے پر بھی واضح ریٹ لسٹ لگائی جائے۔

اجلاس میں پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی تنظیم نو پر بریفنگ دی گئی اور ایک نئی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے سنٹرل ڈیش بورڈ پر سبزیوں کی دستیابی، آمد، نرخ اور ذخائر سے متعلق مکمل ڈیٹا مہیا کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا۔ اس ایپ سے سبزی منڈیوں میں ٹرکوں کی ٹریکنگ بھی ممکن ہوگی جبکہ آٹے کی پسائی اور فراہمی کی نگرانی بھی کی جائے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر کی 239 سبزی منڈیوں اور مریم نواز کاشتکار بازاروں کی یکساں برانڈنگ کی جائے گی۔ اس برانڈنگ میں ریڑھیوں کا ایک سا ڈیزائن، مارکیٹ اسٹاف کے لیے یکساں یونیفارم، شیڈز اور دکانوں کی یکساں تعمیر شامل ہے۔ منڈیوں میں صفائی کے لیے مکینیکل سویپرز کے استعمال کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

ہم افغانستان کے ساتھ معاملات طے کیے بغیر نہیں رہ سکتے: سلمان اکرم راجا

اجلاس میں ’نگہبان رمضان پیکج‘ پر بھی بات چیت ہوئی، اور رمضان المبارک کے دوران ہر محلے میں سستے اسٹالز لگانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ مریم نواز نے ہدایت کی کہ صارفین کے تحفظ کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کیے گئے تمام اقدامات کے اثرات عوام کو نظر آنے چاہئیں۔ سبزیوں کی طلب کا پیشگی تعین کرکے سپلائی کا نظام بہتر بنایا جائے تاکہ قیمتوں میں استحکام لایا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter