لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انٹرنیشنل ڈے آف پلے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بچوں کو کھیلنے، سیکھنے اور خوش رہنے کا بنیادی حق حاصل ہے، مگر کشمیر اور فلسطین کے بچے ان حقوق سے محروم ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایک ہنستا کھیلتا بچہ صرف خوشی کی علامت نہیں بلکہ وہ ایک صحتمند معاشرے کی بنیاد ہوتا ہے۔ بچوں کا کھیلنا محض تفریح نہیں بلکہ ان کی ذہنی، جذباتی اور تخلیقی نشوونما کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلنے، سیکھنے اور بے فکری سے مسکرانے کا حق حاصل ہے۔ بدقسمتی سے کشمیر اور فلسطین کے بچے ان فطری حقوق سے محروم ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے "نواز شریف سینٹر آف ایکسیلینس فار ارلی چائلڈ ہُڈ ایجوکیشن” کے تحت کھیل کے ذریعے تدریسی عمل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسا محفوظ اور آزاد ماحول قائم کر رہے ہیں جہاں ہر بچہ بلا امتیاز کھیلنے، سیکھنے اور ترقی کے مساوی مواقع حاصل کر سکے۔
یاد رہے کہ انٹرنیشنل ڈے آف پلے دنیا بھر میں بچوں کے کھیل کے حق کو اجاگر کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔ اس دن کا مقصد یہ باور کروانا ہے کہ کھیل بچوں کی نشوونما اور خوشحال بچپن کا ایک لازمی جزو ہے۔ کشمیر اور فلسطین جیسے خطوں میں جاری تنازعات نے ہزاروں بچوں کو ان حقوق سے محروم کر رکھا ہے۔