بدھ, 4 جون , 2025

اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں، وزیراعلیٰ مریم نواز کا حکم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل فوری اور مؤثر طریقے سے حل کیے جائیں، اور اوورسیز کمیشن کو بھی فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

latest urdu news

لاہور – وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اس حوالے سے ان کی ملاقات ایم ڈی اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن افضال بھٹی سے ہوئی، جس میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

افضال بھٹی نے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ کو او پی ایس ہاؤسنگ سوسائٹی اور سکول کے معاملات سے آگاہ کیا، اور مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب کو فعال اور مؤثر بنانے کے لیے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔

افضال بھٹی نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو مبارکباد پیش کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے تمام سرکاری محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل فوری حل کیے جائیں۔ وزیراعلیٰ آفس، چیف سیکرٹری آفس اور آئی جی آفس میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے فوکل پرسن بھی مقرر کر دیے گئے ہیں۔

مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ حکومت اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، کیونکہ یہ لوگ وطن عزیز کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا فوکل پرسن بیرون ملک مقیم بھائیوں کے معاملات میں بھرپور تعاون کرے گا۔

ایم ڈی اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن افضال بھٹی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی حکومت اور پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، اور بھارت کے خلاف جنگ میں شاندار کامیابی پر انہوں نے بھرپور انداز میں جشن بھی منایا۔

یاد رہے کہ اوورسیز پاکستانی نہ صرف پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ سفارتی اور عالمی سطح پر بھی ملک کی نمائندگی کرتے ہیں۔ گزشتہ چند برسوں میں ان کے مسائل، خاص طور پر جائیدادوں کے تحفظ، بیوروکریسی سے متعلق شکایات اور قانونی معاونت کی کمی، سنگین ہوتے جا رہے تھے، جس پر حکومت پنجاب کی جانب سے فوکل پرسن کی تعیناتی اور کمیشن کو فعال بنانا ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter