مریم نواز کا شہری کو فون، پنجابی میں کیا بات ہوئی؟

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گرین ٹریکٹر اسکیم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا اور کامیاب کسان کو خوشگوار انداز میں پنجابی زبان میں فون کرکے مبارکباد دی۔

پنجاب حکومت نے اسکیم کے فیز ٹو کے تحت 9500 ہائی پاور ٹریکٹروں کے لیے قرعہ اندازی کی، جس کا آغاز وزیراعلیٰ مریم نواز نے خود کیا۔ پہلا ٹریکٹر تحصیل اٹک کے راجہ رفعت عباس، دوسرا نزہت پروین اور تیسرا میاں نصیر کے نام نکلا۔

latest urdu news

وزیراعلیٰ نے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے کسان محمد عاشق کو براہِ راست فون کیا اور پنجابی میں کہا:
"کیہہ حال اے؟ تسی ٹریکٹر واسطے اپلائی کیتا سی، تہانوں ناں نکل آیا اے، تہانوں مبارک باد واسطے فون کیتا اے۔”

سیکریٹری زراعت نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 7 ایکڑ یا اس سے زیادہ اراضی رکھنے والے کسان 75 سے 125 ہارس پاور کے ہائی پاور ٹریکٹر حاصل کرسکیں گے، جن پر پنجاب حکومت 10 لاکھ روپے سبسڈی دے گی۔

گرین ٹریکٹر اسکیم فیز ٹو کے تحت مجموعی طور پر 20 ہزار ٹریکٹروں پر سبسڈی دی جائے گی، جن میں 9500 ہائی پاور اور 10 ہزار میڈیم پاور ٹریکٹر شامل ہیں۔ میڈیم پاور ٹریکٹروں (50 سے 65 ہارس پاور) پر کسانوں کو 5 لاکھ روپے سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

اعداد و شمار کے مطابق اس مرحلے کے لیے 7 لاکھ 34 ہزار کاشتکاروں نے درخواستیں جمع کرائیں، جن میں سے 2 لاکھ 82 ہزار کسان قرعہ اندازی کے اہل قرار پائے، جبکہ 9500 کسان کامیاب ٹھہرے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ 98 فیصد کسانوں نے پاکستانی ساختہ ٹریکٹروں کے لیے اپلائی کیا، جب کہ صرف 2 فیصد نے امپورٹڈ ٹریکٹروں میں دلچسپی ظاہر کی۔

حکومت نے امپورٹڈ ٹریکٹروں کی محدود ڈیمانڈ کو مدِنظر رکھتے ہوئے غیر ملکی کمپنیوں کو پنجاب میں بزنس آفس اور ڈیلرشپ قائم کرنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter