ٹریفک قانون کی خلاف ورزی پر جنید صفدر کی گاڑی کا چالان، وزیراعلیٰ پنجاب نے وارڈن کو سراہا، کہا قانون سب کے لیے برابر ہے۔
لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹریفک قانون کی خلاف ورزی پر اپنے بیٹے جنید صفدر کی گاڑی کا چالان کرنے والے ٹریفک وارڈن کو بھرپور شاباش دیتے ہوئے قانون کی بالادستی کا پیغام دیا ہے۔ واقعہ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن اور لیک سٹی کے قریب پیش آیا جہاں جنید صفدر کے ہمراہ موجود سیکیورٹی گاڑی کو بلیک پیپرز لگانے پر چالان کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈولفن فورس نے رات 8 بج کر 30 منٹ پر مشکوک گاڑی کو روکا، جس کے شیشوں پر کالے پیپر لگے ہوئے تھے۔ تفتیش پر معلوم ہوا کہ گاڑی جنید صفدر کے قافلے کا حصہ ہے اور اس میں سوار شخص کا نام محمد علی ہے۔ بغیر کسی سیاسی دباؤ کے ٹریفک وارڈن محمد امجد نے قانون کے مطابق فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی پر 500 روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
چالان کی اطلاع جب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز تک پہنچی تو انہوں نے نہ صرف ڈولفن فورس بلکہ ٹریفک وارڈن کو بھی شاباش دی اور واضح پیغام دیا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، چاہے وہ ان کا اپنا بیٹا ہی کیوں نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں قانون کی حکمرانی کا آغاز گھر سے ہی ہونا چاہیے اور یہی حقیقی انصاف ہے۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث ہے جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے ٹریفک وارڈن کے اقدام کو سراہا اور مریم نواز کے مؤقف کو سچائی اور اصول پسندی کا عملی مظاہرہ قرار دیا۔
یاد رہے کہ: یہ پہلا موقع نہیں جب کسی سیاسی رہنما کے قریبی رشتہ دار کا ٹریفک چالان ہوا ہو، مگر اعلیٰ حکومتی شخصیت کی جانب سے اس کی تحسین ایک مثبت مثال بن گئی ہے، جو قانون کی بالادستی اور پولیس کی خودمختاری کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔