وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب زدگان کے لیے امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر متاثرہ خاندان کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہونے والے خاندانوں کے لیے مالی امداد کا بڑا اعلان کیا ہے۔ ہفتہ کے روز سینئر صوبائی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مریم نواز کی ہدایت پر ہر متاثرہ خاندان کو 10 لاکھ روپے کی امدادی رقم دی جائے گی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہیں اور حکومت پنجاب جلد از جلد امدادی چیکس متاثرہ افراد میں تقسیم کرے گی۔ متاثرین کو خوراک، رہائش اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ بحالی کے تمام اقدامات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں اور متاثرہ علاقوں میں مزید نقصانات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی انتظامات کو مضبوط کیا جائے۔
سیلاب سے متاثرہ عوام نے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ امداد ان کے دوبارہ سے زندگی کی طرف لوٹنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
یاد رہے کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں حالیہ دنوں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث کئی دیہات زیرِ آب آ چکے ہیں، جس سے نہ صرف فصلیں تباہ ہوئیں بلکہ درجنوں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں۔