وفاقی وزیر احسن اقبال نے نارووال میں محکمۂ صحت کو 8 الٹراساؤنڈ مشینیں دیں، کہا عوام کو صحت کی سہولیات دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہیلتھ کلینک پروگرام کے تحت ابتدائی مرحلے میں 8 جدید الٹراساؤنڈ مشینیں فراہم کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے ان مشینوں کو باقاعدہ طور پر محکمۂ صحت کے حوالے کیا، تاکہ دور دراز علاقوں میں طبی سہولتوں کی فراہمی کو بہتر بنایا جا سکے۔
نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے بتایا کہ صحتِ عامہ کی سہولتوں میں بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اس مشن پر بھرپور توجہ دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ہیلتھ کلینکس کے ذریعے خواتین اور بچوں کو بنیادی طبی سہولتیں بآسانی میسر آئیں گی، خاص طور پر دیہی علاقوں میں۔
احسن اقبال نے اس موقع پر والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی ذہنی و جسمانی صحت کا خاص خیال رکھیں کیونکہ بچے ملک کا روشن مستقبل ہیں اور ان کی صحت ہی ایک ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد ہے۔
یاد رہے کہ مریم نواز نے وزیر اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد ہیلتھ کلینک پروگرام کا آغاز کیا تھا، جس کا مقصد صوبے بھر میں بنیادی صحت کی سہولتوں کو بہتر بنانا ہے۔ 8 الٹراساؤنڈ مشینوں کی فراہمی اس منصوبے کی عملی پیش رفت کا پہلا قدم ہے۔