منڈی بہاؤالدین کے تھانہ صدر کے علاقے گاؤں مونگ میں افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک مکان کی بوسیدہ چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئی۔ حادثے کے باعث پورے علاقے میں سوگ کی کیفیت طاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق مکان کی چھت پر زائد وزن موجود تھا جس کے باعث وہ اچانک منہدم ہو گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے تین افراد کی لاشیں نکال لیں جن میں ایک نوجوان یاسر اور دو خواتین شامل ہیں، جبکہ ایک زخمی خاتون کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے اور جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ واقعے کے بعد اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔
