306
قومی احتساب بیورو (نیب) نے معروف کاروباری شخصیت ملک ریاض کی جائیدادوں کی نیلامی کے لیے 7 اگست 2025 کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ نیلامی کا عمل نیب راولپنڈی آفس اور اسلام آباد کے سیکٹر جی-6/1 میں منعقد ہوگا۔
نیب کے مطابق نیلام کی جانے والی جائیدادوں میں بحریہ ٹاؤن فیز ٹو راولپنڈی میں واقع کارپوریٹ آفس (پلاٹ نمبر D-7 پارک روڈ) اور پلاٹ نمبر E-7 پارک روڈ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ روبیش مارکی اینڈ لان، بحریہ گارڈن سٹی (گالف کورس کے قریب)، اور بحریہ ٹاؤن اسلام آباد کی جائیدادیں بھی نیلامی کا حصہ ہوں گی۔
یاد رہے کہ بحریہ ٹاؤن منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے اس سے قبل مارچ 2025 میں کراچی، لاہور، تخت پڑی، نیو مری گولف سٹی اور اسلام آباد میں متعدد رہائشی و کمرشل جائیدادوں کو سیل کر دیا تھا۔
اس کیس میں اب تک دو ریٹائرڈ فوجی افسران سمیت 10 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور ایک تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے، جو منی لانڈرنگ کے الزامات کی چھان بین کر رہی ہے۔