اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور ان کے بیٹے علی ریاض کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیسز کی سماعت ہوئی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصر من اللہ بلوچ نے دونوں ملزمان کو دو مقدمات میں عدالت میں عدم پیشی پر اشتہاری قرار دے دیا۔
عدالت نے نادرا اور متعلقہ اداروں کو ملزمان کے شناختی کارڈز اور موبائل سمز بلاک کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی پولیس کو ہدایت کی گئی کہ وہ دونوں ملزمان کے اشتہارات عام کریں اور ان کے اثاثہ جات کی مکمل تفصیلات عدالت کو فراہم کریں۔
ملک ریاض کی جائیدادوں کی نیلامی 7 اگست کو ہوگی
جج نے ریمارکس دیے کہ متعدد بار عدالت کی جانب سے طلبی کے نوٹس بھیجنے کے باوجود ملک ریاض اور علی ریاض پیش نہیں ہوئے جس کے بعد عدالت کو سخت اقدام اٹھانا پڑا۔
عدالت نے نیب اور ایف آئی اے سے بھی منی لانڈرنگ کیسز میں پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔