نوبیل انعام یافتہ سماجی رہنما ملالہ یوسفزئی نے اسلام آباد میں مسجد پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت کے خلاف ایک خوفناک اور بزدلانہ فعل قرار دیا ہے۔ انہوں نے واقعے میں شہید ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا اور پاکستان میں امن و سلامتی کے لیے دعا کی۔
ملالہ یوسفزئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ نہایت تشویشناک بات ہے کہ لوگ عبادت جیسی مقدس جگہوں پر بھی خود کو محفوظ محسوس نہیں کر پا رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گردی کس حد تک اخلاقی اور انسانی اقدار سے عاری ہو چکی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ عبادت گزاروں اور معصوم شہریوں پر حملے نہ صرف بزدلی ہیں بلکہ یہ ہمارے معاشرے، ایمان اور مشترکہ اقدار پر براہِ راست حملہ ہیں۔ ملالہ کے مطابق ایسے واقعات پوری قوم کو غم اور خوف میں مبتلا کر دیتے ہیں اور معاشرتی ہم آہنگی کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
ملالہ یوسفزئی کا لڑکیوں کی تعلیم کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم
ملالہ یوسفزئی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا کوئی جواز نہیں ہو سکتا اور اس کے خاتمے کے لیے اجتماعی عزم اور یکجہتی ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے عوام اس مشکل وقت میں متحد رہیں گے اور انتہاپسندی کے خلاف مضبوط آواز بنیں گے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر ملالہ یوسفزئی نے دعا کی کہ پاکستان میں امن قائم ہو، بے گناہ جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور ایسا ماحول تشکیل دیا جائے جہاں ہر شہری بلا خوف و خطر اپنی عبادت اور روزمرہ زندگی گزار سکے۔
