نوبیل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے بعد ادارہ تعلیم و آگاہی کے لیے 2 لاکھ ڈالر اور ماؤنٹین انسٹیٹیوٹ فار ایجوکیشن اینڈ ڈیویلپمنٹ کے لیے 30 ہزار ڈالر کی گرانٹ کا اعلان کیا ہے۔
ملالہ یوسف زئی نے یہ اعلان سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آنے والے سیلاب نے ملک بھر میں اسکولوں کو بری طرح متاثر کیا ہے اور متعدد کمیونٹیز شدید نقصان کا شکار ہو چکی ہیں۔
انہوں نے اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ "مشکل کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم کے ساتھ میری دلی ہمدردیاں ہیں۔”
ملالہ نے مزید کہا کہ اب وقت ہے کہ ہم متحد ہو کر امدادی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کریں، انفراسٹرکچر کی بحالی کو ممکن بنائیں، اور خاص طور پر اس بات کو یقینی بنائیں کہ لڑکیوں کی تعلیم کا سفر کسی صورت رُکے نہ۔
کینیڈا کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے 26 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان
یہ گرانٹ ملالہ فنڈ کی جانب سے فراہم کی جائے گی، جس کا مقصد تعلیمی اداروں کی بحالی، آگاہی پھیلانا، اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعلیم کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔
ملالہ کا یہ اقدام نہ صرف تعلیمی نظام کی بحالی کی کوششوں میں اہم سنگ میل ہے بلکہ یہ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ان کی مستقل جدوجہد کا عملی مظہر بھی ہے۔