نوبیل انعام یافتہ تعلیم کی علمبردار ملالہ یوسفزئی نے پاکستانی طالبات کے لیے ایک اہم تعلیمی موقع فراہم کرتے ہوئے نئی اسکالرشپ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد باصلاحیت اور پرعزم خواتین کو عالمی معیار کی تعلیم تک رسائی دینا اور انہیں مستقبل کی قیادت کے لیے تیار کرنا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کرنے کے بعد ان کے دل میں یہ خواہش مزید مضبوط ہوئی کہ وہ ان لڑکیوں کے لیے عملی قدم اٹھائیں جو تعلیم کے حق کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ تعلیم صرف ذاتی ترقی کا ذریعہ نہیں بلکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کا مؤثر ہتھیار بھی ہے۔
ملالہ نے بتایا کہ اس اسکالرشپ کے تحت پاکستانی خواتین کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں ماسٹرز ڈگری حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ خاص طور پر ان امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی جو اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد پاکستان واپس آ کر ملک و قوم کی خدمت کرنے کا عزم رکھتی ہوں۔ ان کے مطابق یہ پروگرام ان خواتین کے لیے ایک سنہری موقع ہے جو عالمی سطح کی درسگاہ میں تعلیم حاصل کرنے کا خواب دیکھتی ہیں اور اپنے علم کو وطن کی ترقی کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہیں۔
طالبان کا لڑکیوں کو تعلیم سے روکنا اسلام کے پیغام کے خلاف ہے:ملالہ یوسفزئی
ملالہ یوسفزئی نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ تعلیم ہر لڑکی کا بنیادی حق ہے اور اسے کسی صورت محدود نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں، خصوصاً پاکستان میں، بچیوں کی تعلیم کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
اس اسکالرشپ کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی خواہشمند امیدوار آکسفورڈ پاکستان پروگرام کی ویب سائٹ oxpakprogramme.org پر آن لائن اپلائی کر سکتی ہیں۔ ملالہ نے امید ظاہر کی کہ وہ جلد نئی طالبات کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں خوش آمدید کہیں گی اور انہیں کامیابی کی راہ پر گامزن دیکھیں گی۔
