ملاکنڈ کے علاقے خٹکو شاہ میں نہر میں ڈوبنے کے افسوسناک واقعے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا۔
ملاکنڈ کے علاقے خٹکو شاہ کے قریب نہر میں نہاتے ہوئے بچے سمیت چار افراد پانی کی تیز لہروں کی زد میں آ گئے، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد تین افراد کی لاشیں اور ایک زخمی کو نہر سے نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی،بعد ازاں تمام متاثرین کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال درگئی منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ پانی کی گہرائی اور تیز بہاؤ کے باعث پیش آیا، جس نے نہانے والوں کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔
یاد رہے کہ گرمی کے موسم میں نہروں اور دریاؤں میں نہانے کے دوران حفاظتی اقدامات کی کمی اور احتیاط نہ برتنا اکثر جان لیوا حادثات کا سبب بنتا ہے، گزشتہ برس بھی خیبرپختونخوا میں حالیہ دنوں میں بھی افسوسناک حادثات دیکھنے میں آئے ہیں، جیسے کہ صوابی میں ایک دلخراش رکشہ حادثے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے، مکمل تفصیل یہاں ملاحظہ کریں۔۔