کوئٹہ ، ہرنائی کے علاقے سنجاوی روڈ پر طور خان کے مقام پر سیکیورٹی فورسز نے ایک اہم کارروائی کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی فورسز کا یہ آپریشن خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کیا گیا، جس کے دوران فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
ذرائع کے مطابق، ہلاک ہونے والے دہشت گرد ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھے اور ان کی نقل و حرکت پر سیکیورٹی اداروں کی گہری نظر تھی، کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر حساس نوعیت کا مواد برآمد کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مکمل کلیئرنس آپریشن کا آغاز کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو ختم کیا جا سکے۔ فورسز کی موجودگی تاحال برقرار ہے اور علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے سرچنگ کا عمل جاری ہے۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ریاست مخالف عناصر کی سرگرمیوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز متعدد بار کامیاب کارروائیاں کر چکی ہیں اور حالیہ آپریشن کو انھی کوششوں کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔