27
اسلام آباد، بھارتی جارحیت کے دوران اندرون و بیرون ملک سوشل میڈیا پر پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف نفرت انگیز اور اشتعال انگیز مہم چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے، اس کارروائی کے دوران صحافی اور یوٹیوبر احمد نورانی سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ایجنسی نے بتایا کہ بھارت کی جارحیت کے دوران بعض عناصر نے سوشل میڈیا پر پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف گمراہ کن، جھوٹا اور اشتعال انگیز مواد شیئر کیا، جس پر تحقیقات کے بعد عادل فاروق راجا، محمد عمر اور احمد نورانی سمیت دیگر افراد کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مختلف مقدمات درج کیے گئے۔
حکام کے مطابق یہ مقدمات ریاست کی جانب سے درج کیے گئے ہیں اور ان کے اندراج کے بعد ان افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔