جو اراکین بوجھ نہیں اٹھا سکتے وہ گھر جائیں، بجٹ مشاورت کے بغیر منظور نہیں ہونا چاہیے تھا، علیمہ خان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بجٹ کی منظوری بانی پی ٹی آئی کی مشاورت کے بغیر نہیں ہونی چاہیے تھی، جو ارکان بوجھ نہیں اٹھا سکتے، وہ مستعفی ہو جائیں۔

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبرپختونخوا اسمبلی کے بجٹ سے متعلق واضح مؤقف اپنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو اراکین اسمبلی بوجھ نہیں اٹھا سکتے، انہیں خود کو الگ کر لینا چاہیے اور گھر چلے جانا چاہیے۔

latest urdu news

علیمہ خان نے کہا کہ قومی میڈیا پر پابندیاں اور مجبوریاں ہیں، لیکن سوشل میڈیا عوام کی اصل آواز ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی مشاورت کے بغیر بجٹ کی منظوری نہیں ہونی چاہیے تھی، اور یہ اقدام آئینی اصولوں کے منافی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں علیمہ خان نے کہا کہ بظاہر ’مائنس عمران خان‘ ہو چکا ہے، اور پارٹی کے فیصلے اب ان کی مشاورت کے بغیر کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے خیبرپختونخوا کے اراکین اسمبلی کی شکایات کے حوالے سے کہا کہ اگر کوئی علی امین گنڈاپور کو انکار نہیں کر سکتا اور خود کو فیصلوں میں بے بس سمجھتا ہے، تو اسے اسمبلی میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ ایسے افراد کو چاہیے کہ وہ کنارہ کشی اختیار کریں۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ بجٹ کی منظوری سے قبل ایسی کون سی مجبوری تھی کہ مشاورت نہیں کی گئی؟ بانی عمران خان نے کہا ہے کہ معاملہ سپریم کورٹ میں لے جایا جائے اور عدالت کو بتایا جائے کہ پارٹی سربراہ کی منظوری کے بغیر بجٹ کیسے منظور ہوا۔ ان کے مطابق عمران خان نے عندیہ دیا ہے کہ مشاورتی ٹیم کی آمد کے بعد بجٹ میں تبدیلیاں لائی جائیں گی۔

ملک کی مجموعی صورتحال پر بات کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کے مطابق اس وقت ملک میں ہائبرڈ نظام نہیں، بلکہ مارشل لا نافذ ہے۔ جب ڈونلڈ ٹرمپ نے شکریہ ادا کیا تو وہ صرف فیلڈ مارشل کا تھا، نظام کا نہیں۔

انہوں نے جیل میں ملاقاتوں کی پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ جیل میں ملاقات کی اجازت کون دیتا ہے، مجھے بھی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں مل رہی۔

ایران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ایران ہمارا برادر اور ہمسایہ ملک ہے، اور ہمیں بھی ایران کی طرح اپنے حقوق اور قانون کی حکمرانی کے لیے کھڑا ہونا چاہیے۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی نے گزشتہ شب وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر ہی نئے مالی سال کا بجٹ منظور کر لیا۔ اگرچہ وزیراعلیٰ نے کہا تھا کہ ملاقات کے بعد عمران خان کی ہدایات کے مطابق بجٹ میں تبدیلیاں کی جائیں گی، تاہم علیمہ خان کا مؤقف اس سے واضح طور پر مختلف ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter