لہرکالونی میں 16 دسمبر کو پیش آنے والے مہلک گیس سلنڈر دھماکے میں زخمی ہونے والی ایک اور خاتون، کومل جتوئی، جان کی بازی ہار گئی، جس کے بعد اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔
واقعے کے دوران دھماکے سے 2 معصوم بچے اور 3 خواتین موقع پر جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 19 دیگر افراد زخمی ہوئے تھے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا۔ زخمی ہونے والی کومل جتوئی طویل عرصے تک زندگی کی جنگ لڑتی رہیں، تاہم بدقسمتی سے وہ آج زندگی کی بازی ہار گئیں۔
اس واقعے کے بعد آئی جی سندھ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ہدایت دی تھی کہ وہ واقعے کی مکمل تحقیقات کریں۔ پولیس نے دھماکے کے اسباب معلوم کرنے اور ذمہ دار افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں استعمال ہونے والے گیس سلنڈر کی حالت، حفاظتی انتظامات اور دیگر عوامل کی چھان بین جاری ہے تاکہ آئندہ ایسے حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
سلنڈر دھماکہ، مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا اور متاثرہ خاندانوں کو فوری مدد فراہم کی گئی۔ حکام نے متاثرین کو معاوضہ اور طبی سہولیات دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
یہ حادثہ ایک بار پھر شہریوں میں حفاظتی اقدامات کی اہمیت اور گھریلو گیس سلنڈرز کے استعمال کے دوران احتیاط برتنے کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔
