لکی مروت میں گمبیلا تھانے پر دہشت گرد حملہ ناکام، پولیس کی بروقت جوابی کارروائی سے اہلکار محفوظ رہے، دہشت گرد بھاگ گئے۔
لکی مروت، خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت میں پولیس نے بہادری اور چوکسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردی کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ تھانہ گمبیلا پر 10 سے 12 دہشت گردوں نے رات کے وقت حملے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے تھانے کے اطراف میں مشکوک نقل و حرکت کو فوراً بھانپتے ہوئے بروقت فائرنگ کی، جس سے دہشت گردوں کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام دہشت گرد فرار ہو گئے، جبکہ حملے میں پولیس اہلکار مکمل طور پر محفوظ رہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے تاکہ دہشت گردوں کے ممکنہ ٹھکانوں کا پتہ لگایا جا سکے۔
واقعے کے بعد انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے لکی مروت پولیس کے اہلکاروں سے رابطہ کر کے ان کی مستعدی اور جرات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی بروقت کارروائی نے ایک بڑے نقصان سے بچا لیا، اور اہلکاروں کی فرض شناسی قابلِ فخر ہے۔
افغان طالبان اور بھارت کا گٹھ جوڑ بے نقاب، پاکستان میں دہشتگردوں کی پشت پناہی کا انکشاف
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) بنوں ریجن سجاد خان نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس ہر قسم کے ممکنہ حملے سے نمٹنے کے لیے نہ صرف الرٹ ہے بلکہ جدید ٹیکنالوجی اور تربیت سے لیس بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر پولیس کی تیاری اور جذبے کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔
یاد رہے کہ لکی مروت اور آس پاس کے علاقوں میں ماضی میں بھی دہشت گردی کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں، تاہم حالیہ برسوں میں پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی مسلسل کارروائیوں کے باعث دہشت گرد عناصر کو شدید ناکامیوں کا سامنا ہے۔