لاہور ایئرپورٹ سے اُڑان بھرنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز پی اے 481 کو پرندہ ٹکرانے کے باعث فوری طور پر واپس اتار لیا گیا، 149 مسافر آف لوڈ۔
لاہور: لاہور سے سکردو جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز پی اے 481 کو پرندہ ٹکرانے کے باعث پرواز کے چند لمحوں بعد ہی واپس لاہور ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر اتار لیا گیا۔ ترجمان ایئرلائن کے مطابق، برڈ اسٹرائیک ٹیک آف کے فوراً بعد پیش آیا، جس کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت پائلٹ نے فوری لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق، پرندہ طیارے کے انجن نمبر 2 سے ٹکرایا، جس سے انجن کے دو بلیڈ متاثر ہوئے۔ واقعے کے بعد تمام 149 مسافروں کو بحفاظت طیارے سے اتار کر ایئرپورٹ لاؤنج منتقل کر دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق، پرواز پی اے 481 کو منسوخ کر دیا گیا ہے اور مسافروں کو متبادل پروازوں کے ذریعے سکردو روانہ کرنے کے انتظامات جاری ہیں۔
ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ برڈ اسٹرائیکز خاص طور پر موسمِ برسات میں معمول بنتے جا رہے ہیں، خصوصاً اُن ایئرپورٹس پر جہاں قریبی آبادیوں میں کوڑا کرکٹ، کھلے نالے اور گندگی موجود ہو، جو پرندوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو پرندوں کی روک تھام کے لیے اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران مختلف ایئرپورٹس پر برڈ اسٹرائیک کے کئی واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جس سے نہ صرف پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کا سامنا کرنا پڑا بلکہ یہ واقعات فضائی حفاظت کے لیے ایک سنگین خطرہ بھی بن چکے ہیں۔ ایوی ایشن ماہرین نے اس مسئلے پر جامع اور دیرپا حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔