لاہور میں سیوریج حادثہ: 10 ماہ کی ردا فاطمہ کی لاش برآمد

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور کے علاقے داتا دربار کے قریب سیوریج لائن میں گرنے والی معصوم بچی کی لاش بالآخر مل گئی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق 10 ماہ کی ردا فاطمہ کی لاش آؤٹ فال روڈ پر واقع سیوریج لائن سے برآمد کی گئی، جس کے بعد کئی روز سے جاری تلاش کا افسوسناک اختتام ہو گیا۔ اس سے قبل بچی کی والدہ کی لاش بھی نکالی جا چکی تھی، جس نے اس واقعے کو مزید دلخراش بنا دیا ہے۔

latest urdu news

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بچی کی لاش ملنے کے بعد قانونی کارروائی مکمل کر کے لاش ورثا کے حوالے کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ واقعے نے نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ پورے شہر کو غم میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ شہریوں کی جانب سے انتظامیہ کی مبینہ غفلت پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے خلاف فوری اور سخت ایکشن کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے بھکر سے واپسی پر لاہور ایئرپورٹ پر ہی ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا، جس میں واقعے کی تفصیلات پر بریفنگ لی گئی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس افسوسناک واقعے سے متعلق غیر جانبدار اور جامع فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ فوری طور پر پیش کی جائے تاکہ ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے۔

واقعے سے متعلق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ بھی سامنے آ گئی ہے، جس کے مطابق متاثرہ خاتون، ان کی بچی اور شوہر کو شام 6 بج کر 47 منٹ پر داتا دربار کے قریب شاپنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تینوں افراد رات 7 بج کر 22 منٹ پر داتا دربار کے سامنے پہنچے۔

لاہور میں سیوریج حادثہ: خاتون کی لاش مل گئی، 9 ماہ کی بچی تاحال لاپتہ

ابتدائی رپورٹ کے مطابق شام 7 بج کر 30 منٹ پر یہ خاندان داتا دربار سے پرانی پرندہ مارکیٹ کی جانب جاتے ہوئے دکھائی دیا، جبکہ صرف دو منٹ بعد یعنی 7 بج کر 32 منٹ پر ریسکیو 1122 کو خاتون اور بچی کے سیوریج لائن میں گرنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ ریسکیو ٹیمیں اطلاع ملنے کے محض چار منٹ بعد جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

تحقیقاتی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ موقع پر خاتون کی ساس کو شور مچاتے اور لوگوں کو مدد کے لیے بلاتے ہوئے دیکھا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق ذمہ دار افسران اور اداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter