لاہور لندن سے زیادہ محفوظ ہے، طلال چوہدری کا دعویٰ اور کالے شیشوں پر سخت موقف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے سینیٹ کی داخلہ کمیٹی کے اجلاس میں کہا کہ پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے اور لاہور لندن سے زیادہ محفوظ ہے۔ انہوں نے اس موقع پر گاڑیوں کے کالے شیشوں کے استعمال پر بھی سخت موقف اختیار کیا اور کہا کہ کالے شیشے ایک فیشن بن چکے ہیں، اور لوگ اسکن کی بیماری کو بہانہ بنا کر استعمال کرتے ہیں۔

latest urdu news

اجلاس کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ کالے شیشوں کے لیے بیرونِ ملک اضافی فیس وصول کی جاتی ہے اور اگر کوئی شخص سکیورٹی یا ذاتی شوق کے لیے کالے شیشے استعمال کرتا ہے تو اسے فیس ادا کرنی ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایکسائز ایکٹ کے تحت 50 ہزار روپے تک جرمانے کا قانونی حق موجود ہے، تاہم کمیٹی کی ہدایت کے باوجود کچھ مقامات پر جرمانے عائد کیے گئے۔

اجلاس میں کمیٹی کی ممبر ثمینہ ممتاز نے سکیورٹی کے خدشات بھی اٹھائے اور بتایا کہ پولیس شہریوں کو ہر جگہ محفوظ نہیں رکھ پا رہی، اور گزشتہ برس کچھ افسوسناک واقعات بھی پیش آئے ہیں۔ اس پر طلال چوہدری نے کہا کہ ریپ اور دیگر جرائم پوری دنیا میں ہوتے ہیں، لیکن لاہور لندن اور نیویارک کی نسبت زیادہ محفوظ ہے۔ تاہم اس بیان پر سینیٹر طلحہ محمود نے سوال اٹھایا کہ اپر دیر میں تو لوگ قتل کیے جا رہے ہیں، پھر لاہور کو لندن سے زیادہ محفوظ کہنا کس بنیاد پر درست ہے۔

مرد بھی گھریلو مسائل کا شکار ہیں مگر خاموش رہتے ہیں: طلال چوہدری

اجلاس میں کالے شیشوں پر واضح حکومتی پالیسی نہ ہونے کے باوجود جرمانے عائد ہونے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ طلال چوہدری نے کہا کہ 10 سال قبل سرٹیفکیٹس جاری کیے جاتے تھے، لیکن ان کا غلط استعمال ہوا، اس لیے اب کالے شیشے کے استعمال پر سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

کمیٹی نے وزیر مملکت سے کہا کہ پالیسی وضع ہونے تک کارروائیوں میں توازن برقرار رکھا جائے، تاکہ شہری حقوق متاثر نہ ہوں۔ طلال چوہدری نے جواب دیا کہ قانون کی بنیاد پر کارروائی جاری ہے اور آئندہ بھی عوامی تحفظ اور سکیورٹی کو ترجیح دی جائے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter