دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور نے نئی دہلی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور پہلا نمبر حاصل کر لیا ہے۔ شہر میں مجموعی ائیر کوالٹی انڈیکس 404 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سب سے زیادہ آلودگی رٹیگن روڈ پر دیکھی گئی جہاں اے کیو آئی 680 تک پہنچ گیا۔ جوہر ٹاؤن میں اے کیو آئی 673 اور گلبرگ میں 543 ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین ماحولیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی خطرناک حدوں کو چھو رہی ہے۔ آلودگی کی بڑی وجوہات میں گاڑیوں کا دھواں، فیکٹریوں کا اخراج، فصلوں کی باقیات جلانا اور بھارت سے آنے والی سرحد پار دھند شامل ہیں۔
عالمی درجہ بندی کے مطابق ہفتے کی صبح بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 260 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ فیصل آباد اور لاہور میں ٹریفک اور صنعتی آلودگی نمایاں عوامل قرار دیے گئے ہیں، جبکہ کراچی میں بندرگاہی سرگرمیاں اور شہری ہجوم آلودگی میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں تعمیراتی کاموں کی دھول اور گاڑیوں کا دھواں اہم وجوہات ہیں۔
لاہور آج بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست، کراچی چوتھے نمبر پر
ماہرین نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ آلودگی کے دنوں میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، گھروں کی کھڑکیاں بند رکھیں اور باہر نکلنے کی صورت میں ماسک کا استعمال لازمی کریں۔
