پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران ہنی ٹریپ میں ملوث گینگ کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب ایک نوجوان نے کھلی کچہری میں ڈی آئی جی آپریشنز کو شکایت درج کرائی۔
ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی، جس نے کارروائی کرتے ہوئے مصباح، اسد اور احمد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ مصباح فیس بک کے ذریعے خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو نشانہ بناتی تھی۔ ویڈیو کال کے دوران نازیبا ویڈیوز ریکارڈ کی جاتیں اور بعد ازاں اسکرین ریکارڈنگ کے ذریعے نیم عریاں ویڈیوز محفوظ کر کے متاثرین کو بلیک میل کیا جاتا تھا۔ ملزمان جعلی موبائل اکاؤنٹس کے ذریعے رقم منتقل کرواتے تھے۔ گرفتار افراد کے موبائل فونز سے درجنوں متاثرین کا ڈیٹا بھی برآمد ہوا ہے۔
لاہور میں بسنت کی پُرامن تقریبات کے لیے پولیس نے سخت حفاظتی احکامات جاری کر دیے
ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کو خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر اجنبی افراد سے محتاط رہیں، نامعلوم ویڈیو کالز وصول نہ کریں اور اپنی ذاتی معلومات یا تصاویر کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلیک میلنگ کی صورت میں فوری طور پر پولیس سے رابطہ کیا جائے۔
گینگ کی گرفتاری پر متعلقہ ٹیم کو شاباشی دیتے ہوئے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
