پاکستان ریلوے نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر ایک اور اپ گریڈڈ ٹرین کا افتتاح کر دیا۔ تقریب میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے انعام اللہ نے افسران کے ہمراہ ٹرین کا افتتاح کیا اور مختلف کوچوں کا بھی معائنہ کیا۔
افتتاح کے موقع پر ٹرین کو رنگ برنگی لڑیوں سے سجایا گیا اور پاکستان ریلوے کی ترقی کے لیے دعائے خیر بھی کی گئی۔ ڈی ایس ریلوے نے مسافروں سے سہولیات کے بارے میں بھی فیڈبیک لیا۔
نارووال پیسنجر لاہور سے صبح 7 بجکر 15 منٹ پر روانہ ہوئی اور بادامی باغ، شاہدرہ باغ، کالا خطائی، نارنگ، میتھہ سوجا، بدوملی، رعیہ خاص اور پیجووالی اسٹاپ کرتے ہوئے صبح 10 بجکر 5 منٹ پر نارووال پہنچے گی۔ نارووال سے ٹرین شام 5 بجے روانہ ہو کر انہی اسٹاپز سے گزرتی ہوئی رات 7 بجکر 40 منٹ پر لاہور پہنچے گی۔
ٹرین میں 10 خوبصورت اور آرام دہ مسافر کوچز رکھی گئی ہیں اور اسے بہترین صفائی، لائٹنگ اور دیگر سہولیات کے ساتھ چلایا جائے گا۔ لاہور سے نارووال کا دورانیہ 2 گھنٹے 40 منٹ رکھا گیا ہے تاکہ مسافروں کو بروقت اور آرام دہ سفر فراہم کیا جا سکے۔
پاکستان ریلوے کا کارگو ٹرین سروس کے لیے بزنس اور مارکیٹنگ پلان تیار کرنے کا فیصلہ
ڈی ایس ریلوے انعام اللہ نے کہا کہ اپ گریڈڈ نارووال پیسنجر نارووال کے عوام کے لیے وفاقی وزیر ریلوے کا تحفہ ہے اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کے ویژن کے مطابق مسافروں کی سہولت کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
افتتاحی تقریب میں ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر سیدہ مرضیہ زہرا، ڈویژنل کمرشل آفیسر عبداللہ ارشد، ڈویژنل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سمیرا رانا، ڈویژنل مکینیکل انجینئرز عاطف اشفاق اور محمد عمران، ڈویژنل الیکٹریکل انجینئر محمد ناصر، ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر عبدالرحمان اور اسٹیشن مینجر ظفر اقبال بھی موجود تھے۔
