لاہور کے تاریخی باغ جناح میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک نر ہرن کے حملے کے نتیجے میں دو کم عمر مادہ ہرن ہلاک ہو گئیں۔ واقعہ پارک کے اس انکلوژر میں پیش آیا جہاں ہرن رکھے گئے تھے۔
حکام کے مطابق نر ہرن نے اچانک جارحانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے کم عمر مادہ ہرنوں پر حملہ کر دیا، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گئیں۔ پارک انتظامیہ نے فوری طور پر زخمی ہرنوں کو نر ہرن سے علیحدہ کر کے طبی امداد فراہم کی اور ان کی مرہم پٹی کی گئی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بھرپور کوششوں کے باوجود دونوں مادہ ہرن جانبر نہ ہو سکیں اور دم توڑ گئیں۔ واقعے کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر باقی ہرنوں کو بھی نر ہرن سے الگ کر دیا گیا ہے تاکہ مزید کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر باغ جناح جلیل احمد کے مطابق ہرنوں کی موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔
