حکومت ماحولیاتی تحفظ کے لیے سنجیدہ نظر آ رہی ہے، لاہور ہائیکورٹ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سموگ کیس کی سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ نے حکومتی اقدامات کو سراہا، کینال روڈ پر درختوں کے تحفظ اور یلو ٹرین منصوبے سے متعلق واضح ہدایات جاری کیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران جسٹس شاہد کریم نے پنجاب حکومت کے ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنجیدگی سے ماحولیات پر کام کر رہی ہے۔

latest urdu news

عدالت میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز پیش ہوئے اور کینال روڈ پر مجوزہ یلو ٹرین منصوبے سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا کہ اس منصوبے کا پی سی ون (PC-I) تاحال تیار نہیں کیا گیا اور اس وقت کوئی باضابطہ ریکارڈ یا منصوبہ موجود نہیں ہے۔

امجد پرویز نے عدالت کو یقین دلایا کہ اگر مستقبل میں حکومت اس منصوبے کو عملی جامہ پہناتی ہے تو اس کا مکمل پی سی ون عدالت میں پیش کیا جائے گا، تاکہ ماحولیاتی ضوابط اور عوامی مفاد کو مدِنظر رکھا جا سکے۔

اس موقع پر عدالت نے ہدایت دی کہ کینال روڈ پر درختوں کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس علاقے میں موجود درخت برسوں کی محنت سے بڑے ہوئے ہیں اور یہ خطہ قومی ورثہ کا درجہ رکھتا ہے، لہٰذا ماحولیاتی توازن کے تحفظ کے لیے ان کا بچایا جانا ناگزیر ہے۔

عدالت نے پنجاب حکومت کے نمائندے کی قانونی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ کے لیے عدالت کو حکومت کی سنجیدگی اور عملی اقدامات کا اندازہ ہو رہا ہے، جو خوش آئند ہے۔

یاد رہے کہ یہ مقدمہ شہری ہارون فاروق سمیت دیگر افراد کی جانب سے دائر کیا گیا تھا، جس میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اور دیرپا حکومتی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ پنجاب میں سموگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر یہ کیس عوامی اہمیت حاصل کر چکا ہے، اور عدالت کی ہدایات کو ماحولیاتی پالیسی سازی میں رہنما اصول تصور کیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter