سیلاب متاثرین کے لیے خیبر پختونخوا حکومت کا بڑا اعلان: وزیراعلیٰ، وزرا اور سرکاری ملازمین کی تنخواہیں عطیہ کرنے کا فیصلہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے شدید تباہی کے بعد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے، جب کہ کابینہ ارکان اپنی پندرہ دن کی تنخواہیں دیں گے۔

صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اراکینِ اسمبلی سات دن، گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری ملازمین دو دن، اور گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین ایک دن کی تنخواہ سیلاب متاثرین کے فنڈ میں عطیہ کریں گے۔

latest urdu news

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا کہ ان عطیات کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لیے پی ڈی ایم اے میں ایک خصوصی اکاؤنٹ قائم کیا جائے گا، جہاں عطیات کی ہر پائی کا حساب رکھا جائے گا، اور تمام تفصیلات عوام کے ساتھ شیئر کی جائیں گی تاکہ اعتماد اور شفافیت برقرار رہے۔

وزیراعلیٰ نے کمشنر مردان ڈویژن، ڈپٹی کمشنر صوابی اور دیگر حکام سے رابطہ کیا، اور ہدایت دی کہ امدادی سرگرمیوں کو فوری اور مؤثر طریقے سے آگے بڑھایا جائے۔ خاص طور پر ڈپٹی کمشنر صوابی کو متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر ریسکیو آپریشنز کی براہِ راست نگرانی کی ہدایت کی گئی۔

وفاقی کابینہ کا ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان

واضح رہے کہ پشاور، مردان، صوابی، ایبٹ آباد سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع حالیہ دنوں شدید بارشوں، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہوئے ہیں۔ صوابی میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں پندرہ افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے، جب کہ کئی گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں اور متعدد گھروں میں پانی داخل ہو گیا۔ مردان اور آس پاس کے علاقوں میں کئی مقامات زیرِ آب آ چکے ہیں، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستے بھی بند ہو چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے یہ اقدام متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد اور بحالی میں مدد فراہم کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter