پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں 15 اگست سے اب تک سیلاب اور بارشوں کے باعث 406 ہلاکتیں، 247 زخمی، ہزاروں مکانات اور درجنوں اسکول متاثر ہوئے۔
پشاور، خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کی تفصیل سامنے آ گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے (پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) کی رپورٹ کے مطابق 15 اگست سے اب تک مختلف حادثات اور سیلابی صورتحال کے نتیجے میں 406 افراد جاں بحق اور 247 زخمی ہو چکے ہیں۔ جاں بحق افراد میں 305 مرد، 55 خواتین اور 46 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 179 مرد، 38 خواتین اور 30 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ضلع بونیر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 337 ہلاکتیں ہوئیں، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں چھتیں گرنے سے 8 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ سوات، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لوئر، بٹگرام اور صوابی میں بھی تباہ کن حادثات پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلاب سے صوبے میں 2 ہزار 945 مکانات جزوی طور پر اور 577 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں۔ تعلیمی ادارے بھی اس قدرتی آفت سے شدید متاثر ہوئے جن میں 239 اسکولوں کو نقصان پہنچا جبکہ 50 اسکول مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
خیبرپختونخوا: سیلاب سے 493 کلومیٹر سڑکیں اور 32 پل تباہ، بحالی کے لیے 9 ارب روپے درکار
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ تاہم بارشوں کے مزید سلسلوں کے خدشے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ڈی آئی خان میں حالیہ آندھی اور طوفانی بارش نے شدید تباہی مچائی تھی جس میں ماں بیٹے سمیت 10 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔