محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق سیلاب کے بعد مختلف بیماریوں کے 12 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں سانس، اسکیبیز اور آنکھوں کے انفیکشن نمایاں ہیں۔
پشاور، خیبرپختونخوا میں سیلاب کے بعد مختلف انفیکشنز کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 5 ہزار 111 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اب تک صوبے میں مجموعی طور پر 12 ہزار 313 افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ سانس کی بیماریوں کے مریض سامنے آئے ہیں جن کی تعداد 3 ہزار 668 ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صرف ایک دن میں اسکیبیز کے 381 نئے مریض رپورٹ ہوئے جس کے بعد اسکیبیز کے کیسز کی مجموعی تعداد 1200 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ پشاور سمیت مختلف اضلاع میں آنکھوں کے انفیکشنز کے 1 ہزار 224 مریض سامنے آئے ہیں۔
مزید برآں، سیلاب متاثرہ علاقوں میں لشمینیا کے بھی 7 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر وبائی امراض پر قابو نہ پایا گیا تو متاثرہ آبادی کو مزید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
صحت کے ماہرین کے مطابق آلودہ پانی اور متاثرہ ماحول میں بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ رہا ہے، جس کے باعث متاثرین کو بروقت طبی امداد اور صاف پانی کی فراہمی ناگزیر ہے۔