وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے خیبر پختونخوا اختیار ولی نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کے علاقے میں منشیات کے کارخانے موجود ہیں اور پی ٹی آئی کے لوگ منشیات کے دھندے میں ملوث ہیں۔
اپنے ویڈیو بیان میں اختیار ولی نے کہا کہ وادی تیراہ میں منشیات کے کارخانے قائم ہیں اور ضلع خیبر سے منشیات پورے ملک میں اسمگل کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے خیبر میں منشیات کی موجودگی کی تردید کرکے حقائق کی نفی کی۔
وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر نے مزید کہا کہ منشیات کے دھندے میں پی ٹی آئی کے لوگ ملوث ہیں اور منشیات سے حاصل ہونے والا پیسہ سرحد پار بھی جاتا ہے، جو دہشتگردی اور ریاست کے خلاف استعمال ہوتا ہے۔
اختیار ولی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا خود ضلع خیبر سے تعلق رکھتے ہیں، اور ان سے مطالبہ کیا تھا کہ ضلع خیبر میں منشیات کے خلاف کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ جس وزیراعلیٰ کے حلقے میں منشیات تیار ہو رہی ہے، اسے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔
