پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ اب معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا ہو چکا ہے اور اتنا مستحکم ہو گیا ہے کہ وفاقی حکومت خود اس سے امداد کی طلبگار ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی معاشی ترقی ایک نمایاں کامیابی ہے، اور موجودہ صورتحال اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ صوبہ نہ صرف اپنے وسائل پر انحصار کر رہا ہے بلکہ دوسروں کی مدد کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے حکومت پُرعزم ہے اور ترقیاتی منصوبے مسلسل جاری رکھے جائیں گے تاکہ صوبے کی ترقی کا سفر مزید تیز ہو سکے۔
علی امین گنڈا پور نے افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ طاقت کے بجائے مذاکرات سے حل ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق، خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے تمام متعلقہ فریقین کو سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات کی راہ اپنانی ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا آئندہ بھی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے گا اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔