بنوں میں پولیس چوکیوں پر دہشت گردوں کے حملے ناکام بنا دیے گئے، آئی جی کے مطابق جدید ہتھیار اور ڈرون استعمال کیے گئے، جوابی کارروائی میں دہشت گرد فرار ہو گئے۔
پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں خوارج نے پولیس چوکی مزانگہ اور شیخ لنڈک پر حملہ کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت سے ان حملوں کو ناکام بنا دیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق دہشت گردوں نے شیخ لنڈک چوکی پر ڈرون کا استعمال کیا، جب کہ مزانگہ پر جدید خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔ حملوں کا مقصد پولیس کی تھرمل کیمرہ ٹیکنالوجی کو نشانہ بنانا تھا، تاہم پولیس کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کے باعث دہشت گرد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
آئی جی کے مطابق دونوں چوکیوں کی عمارتیں، وہاں تعینات اہلکار، اور حساس تنصیبات مکمل طور پر محفوظ رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بزدلانہ حملے خیبرپختونخوا پولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ پولیس ہر محاذ پر چوکنا، باہمت، اور دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود ہے۔ ذوالفقار حمید نے اعلان کیا کہ آئندہ بھی اس قسم کی کارروائیوں کا بھرپور اور جرات مندانہ انداز میں جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حملے کے بعد علاقے میں پولیس کی جانب سے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو فوری طور پر ختم کیا جا سکے۔ عوام کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور پولیس فورس مکمل الرٹ ہے۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ دنوں میں دہشت گردی کی سرگرمیاں ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہیں، اور بنوں سمیت دیگر اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی موجودگی اور مستعدی ان چیلنجز سے نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔