پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈاپور پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی حرکات سے میر جعفر اور میر صادق کا کردار نبھا رہے تھے۔
گورنر کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی سیاست غیر مستقل اور انتشار انگیز رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ علی امین کبھی ریاست کے وفادار بننے کی بات کرتے تھے اور کبھی دہشتگردوں کے ساتھ ہمدردی جتاتے تھے، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
یہ گفتگو گورنر ہاؤس پشاور میں اپوزیشن لیڈر عباداللہ سے ملاقات کے دوران ہوئی جہاں دونوں رہنماؤں نے صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کی۔
علی امین گنڈاپور مستعفی، سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ نامزد
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ نہ صرف نااہل تھے بلکہ کرپشن میں بھی ملوث تھے۔ انہوں نے نئے نامزد وزیر اعلیٰ کی قابلیت پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ خیبرپختونخوا ایسے کمزور اور غیر سنجیدہ قیادت کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
دوسری جانب، صوبے میں جاری سیاسی کشمکش کے پیش نظر اپوزیشن نے اہم اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔