پشاور، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے پاس صوبائی حکومت گرانے کی کوئی حیثیت نہیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ گورنر کے بیانات صرف سیاسی تماشہ ہیں، وہ کونسلر کا الیکشن بھی نہیں جیت سکتے، حکومت گرانے کے دعوے محض بیان بازی تک محدود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوات واقعے کی مکمل انکوائری جاری ہے، اور جہاں کہیں بھی غفلت یا لاپروائی پائی گئی، وہاں سخت کارروائی کی جائے گی، وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ سانحہ سوات کے ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا اور دریاؤں کے کناروں پر غیرقانونی تعمیرات کو ختم کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر انہوں نے خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلابی خطرات پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں، اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ نے علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کی درخواست منظور کر لی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ انہیں کسی بھی درج مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے عدالتی فیصلے کو انصاف کی جیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی قانون کے دائرے میں رہ کر اپنا دفاع کرتے رہیں گے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں خیبرپختونخوا حکومت کے مستقبل اور سیاسی کشمکش پر متعدد بیانات سامنے آئے ہیں، تاہم وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ان تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ صوبائی حکومت مضبوط اور مستحکم ہے۔