وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا بیانیہ کھل کر سامنے آ گیا، اگر آپریشن نہیں تو کیا خوارج کے سامنے سر جھکانا ہے؟: ترجمان پاک فوج

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیاسی جماعتوں اور سکیورٹی فورسز کا ایک ہی واضح بیانیہ ہے اور اس مؤقف سے کوئی ہمیں ہٹا نہیں سکتا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے انسدادِ دہشتگردی آپریشنز کی مخالفت پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔

latest urdu news

جی ایچ کیو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ رواں سال پیغامِ پاکستان کے مؤقف کا دوبارہ اعادہ کیا گیا ہے، جس میں علما، مشائخ اور قوم کے لیے واضح پیغام موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہندوستان اور فتنہ الخوارج کے گٹھ جوڑ سے متعلق بھی مکمل وضاحت سامنے آ چکی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ 2025 میں افغان طالبان، خوارج اور ہندوستان کے درمیان گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ انہوں نے بھارتی میڈیا پر دیے گئے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ کھلے عام افغانستان اور بھارت کے مل کر پاکستان پر حملے کی باتیں کر رہے ہیں، جن کا جواب دینا پاکستان جانتا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ افغانستان طویل عرصے سے دہشتگردی کا گڑھ بنا ہوا ہے اور اب دنیا بھی اس حقیقت کو تسلیم کر رہی ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹس کے مطابق افغانستان میں 20 بین الاقوامی دہشتگرد تنظیمیں سرگرم ہیں، جبکہ ایران، آذربائیجان اور تاجکستان بھی افغان سرزمین سے حملوں کی شکایات کر چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے لیے سازگار سیاسی ماحول فراہم کیا جا رہا ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اور سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہی ہیں، لیکن اگر کسی صوبے کی حکومت یہ کہے کہ وہ اپنے علاقے میں آپریشنز نہیں ہونے دے گی تو یہ انتہائی تشویشناک امر ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ لوگ سوات جیسے حالات کو دوبارہ دیکھنا چاہتے ہیں جہاں ہزاروں بے گناہ شہریوں کو شہید کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ملٹری آپریشن نہیں کرنا تو پھر کیا خوارج کے پیروں میں بیٹھنا ہے؟ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ افغانستان پاکستان کی سکیورٹی کی ضمانت دے، ایک مضحکہ خیز مؤقف ہے۔

آخر میں ترجمان پاک فوج نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا بیانیہ اب کھل کر سامنے آ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی جنگ ہے اور اس میں کسی قسم کی کمزوری یا ابہام کی کوئی گنجائش نہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter