خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللّٰہ نے اعلان کیا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کو چیلنج کرنے کے لیے کل عدالت سے رجوع کریں گی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو تاحال یقین تھا کہ وزیراعلیٰ کے استعفے کی منظوری ہو چکی ہے، اسی بنیاد پر اپوزیشن نے اپنے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
ڈاکٹر عباداللّٰہ کے مطابق، "یہ انتخاب غیر آئینی ہے، ہمارے وکلاء کا مؤقف ہے کہ قانون کے مطابق انتخاب کا طریقہ کار اختیار نہیں کیا گیا، جبکہ حکومتی وکلاء اس کی توجیہات دے رہے ہیں۔ ہم یہ معاملہ اب عدالت میں لے کر جائیں گے۔”
واضح رہے کہ گزشتہ روز محمد سہیل آفریدی کو 90 ووٹوں کی اکثریت سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب کیا گیا، جبکہ اپوزیشن نے اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا تھا۔
اسمبلی اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت ہوا، جس میں سہیل آفریدی کو بلامقابلہ منتخب کرنے کی راہ ہموار ہوئی۔
اپوزیشن کی جانب سے ممکنہ عدالتی چیلنج کے بعد صوبے کی سیاسی صورتحال ایک نئی کشیدگی کا شکار ہو سکتی ہے، اور عدالت کے فیصلے کو اب اہم قرار دیا جا رہا ہے۔