پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا، سہیل آفریدی کے حالیہ بے بنیاد اور نفرت انگیز بیان پر صوبے کے عوام نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے سرحدوں اور قبائلی علاقوں میں امن و امان کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور وزیراعلیٰ کا مساجد کے حوالے سے دیا گیا بیان بالکل غلط اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔ عوام نے اس بیان کی بھرپور مذمت کی اور کہا کہ ایسے بیانات سے ملک پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
عوام نے مزید کہا کہ پاک فوج ہمارا مقدس ادارہ ہے جو سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ عوام کی خدمت بھی کر رہی ہے، اس کو بدنام کرنا بالکل غلط ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو ہدایت کی کہ اپنی سیاست کے لیے ایسے بیانات دینے سے گریز کریں، کیونکہ ان کا مقصد دشمن ممالک، خاص طور پر بھارت، کو خوش کرنا ہو سکتا ہے۔
شہریوں نے زور دیا کہ وزیر اعلیٰ کو اپنے صوبے کی ترقی اور عوامی مسائل پر توجہ دینی چاہیے نہ کہ اداروں کو نشانہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے بیانات نفرت اور انتشار پھیلانے کی کوشش ہیں جو کسی بھی محب وطن شہری کے لیے قابل قبول نہیں۔
عوام کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے پاک فوج کے خلاف مسلسل سخت اور بے بنیاد بیانات دیے جا رہے ہیں، حالانکہ افواج پاکستان ملک کی اصل محافظ ہیں اور ان کے جوان جانوں کا نذرانہ پیش کر کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔
