خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جسے رواں سال توانائی کے شعبے کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس دریافت سے ملک میں تیل و گیس کی مقامی پیداوار بڑھنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے اس دریافت کے بارے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ کوہاٹ کے علاقے میں کھدائی کے دوران تیل اور گیس کے قابلِ ذکر ذخائر سامنے آئے ہیں۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق یہ دریافت نئے سال کے دوران تیل و گیس کے شعبے میں اب تک کی سب سے بڑی دریافت ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے نہ صرف ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی بلکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہونے کی بھی توقع ہے۔
امریکا کا پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے 7 ارب 50 کروڑ ڈالرز سرمایہ کاری کا امکان
پاکستان میں توانائی کے نئے وسائل کی تلاش کا عمل مسلسل جاری ہے اور کوہاٹ میں ہونے والی یہ دریافت اس سلسلے کی ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
