خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں کی صورتحال پر مشاورت کے لیے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج صبح 11 بجے طلب کیا ہے، اہم فیصلے متوقع ہیں۔
پشاور، خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں سے جڑی سیاسی پیش رفت کے تناظر میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے آج صبح 11 بجے حکومتی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اجلاس کی صدارت خود وزیراعلیٰ کریں گے اور تمام حکومتی اراکین اسمبلی کو وقت پر شرکت کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
اجلاس میں مخصوص نشستوں کے حوالے سے اب تک کی صورتحال اور آئندہ پیش آمدہ چیلنجز کے مقابلے کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جائے گی، ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پارٹی اراکین کو موجودہ سیاسی پیش رفت پر اعتماد میں لیں گے اور اپوزیشن کی ممکنہ صف بندی کے پیش نظر سیاسی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں، اجلاس میں خیبرپختونخوا کی مجموعی سیاسی فضا، انتظامی معاملات، اور گورننس کے دیگر پہلوؤں پر بھی تفصیلی مشاورت کی جائے گی، باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں کی عدالتی صورتحال اور ممکنہ فیصلوں کے اثرات کے پیش نظر حکومت کی حکمت عملی میں اہم تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ عام انتخابات کے بعد مخصوص نشستوں کے معاملے پر پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں کے درمیان قانونی و سیاسی کشمکش جاری ہے، اور یہ مسئلہ مستقبل کی پارلیمانی طاقت کے توازن پر گہرے اثرات ڈال سکتا ہے۔ اس لیے آج کا اجلاس سیاسی اعتبار سے نہایت اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔