وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے میں کرپشن کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت صوبے میں موجود تمام کرپٹ عناصر کا خاتمہ کرے گی اور شفاف طرزِ حکمرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔
کوہاٹ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا پر تنقید کرنے والوں کو پہلے اپنے صوبوں میں ہونے والی کرپشن پر نظر ڈالنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہزاروں ارب روپے کی کرپشن ہو رہی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں احتساب اور شفافیت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ ان کی حکومت کسی بھی دباؤ کے بغیر کرپشن کے خلاف کارروائی کرے گی اور عوام کے ٹیکس کا پیسہ لوٹنے والوں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے تبدیلی کے لیے ووٹ دیا ہے اور حکومت اس وعدے کو پورا کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے بانی پاکستان تحریک انصاف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اور ان کی بہنوں کو جعلی مقدمات میں پھنسایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقام کے ذریعے مخالف آوازوں کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن پی ٹی آئی اس سے مرعوب نہیں ہوگی۔
خیبر پختونخوا میں پن بجلی منصوبوں کی تکمیل: توانائی خود کفالت کی جانب اہم پیش رفت
انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی بانی پی ٹی آئی کی جانب سے کال دی جائے گی تو پارٹی کارکن اور عوام سڑکوں پر نکلیں گے اور اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں گے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شہریار آفریدی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں خیبرپختونخوا کو اس کا جائز حصہ نہیں دیا جا رہا، جو ناانصافی کے مترادف ہے۔ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے تمام صوبوں اور قومیتوں کو متحد ہونا ہوگا تاکہ ملک ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
