بلوچستان کے ضلع خضدار میں سکیورٹی فورسز نے ایک اہم اور کامیاب کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ آپریشن مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا، جس میں "فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی تھی۔
آپریشن کے دوران دہشت گرد فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے، جنہوں نے خواتین کا بھیس اپنا رکھا تھا تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دھوکہ دے سکیں۔ تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف ان کی چالاکی کو ناکام بنایا بلکہ انہیں اسلحہ اور بارودی مواد سمیت گرفتار بھی کر لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، گرفتار دہشت گرد ماضی میں کئی دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔ ان کے خلاف مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے اور علاقے میں کلیئرنس آپریشن بھی مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ ممکنہ طور پر چھپے دیگر دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔
سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اور ملکی سلامتی کے خلاف سرگرم عناصر کے لیے پاکستان کی سرزمین تنگ کر دی جائے گی۔