بیشک دشمن کو گھر بسائیں مگر ہمارے خلاف کردار ادا نہ کریں، خواجہ آصف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغان طالبان کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کو مخاطب کرتے ہوئے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ اگر وہ اپنے ملک میں کسی کو پناہ دینا چاہتے ہیں تو دیں، لیکن پاکستان کے خلاف دشمن کا کردار ادا نہ کریں۔

latest urdu news

لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سراج الدین حقانی اور ان کے خاندان کو ماضی میں پاکستان میں مہمان نوازی حاصل رہی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سوویت یونین کے خلاف جنگ کے دوران دونوں فریق ایک ہی مقصد کے لیے اکٹھے تھے اور اس دور میں مشترکہ حکمت عملی اپنائی گئی تھی۔

وزیر دفاع نے نائن الیون کے بعد کے حالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر حقانی نیٹ ورک کی معاونت کا الزام لگایا جاتا رہا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ الزام درست تھا یا نہیں، اس بارے میں سراج الدین حقانی خود عالمی برادری کو آگاہ کریں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان نے ماضی میں افغان دھڑوں کے درمیان مفاہمت کی کوششیں بھی کیں، حتیٰ کہ مکہ مکرمہ میں صلح کے اقدامات میں کردار ادا کیا، لیکن اس کے بدلے میں پاکستان کو کیا ملا؟ ان کے مطابق پاکستان نے بارہا درخواست کی کہ افغان سرزمین کو اس کے خلاف استعمال نہ ہونے دیا جائے۔

ضرورت پڑی تو افغانستان میں فضائی کارروائی سے گریز نہیں کریں گے: خواجہ آصف

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث عناصر کو پناہ دی گئی اور انہیں سہولت فراہم کی گئی۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اگرچہ مالی معاونت تک کی پیشکش کی گئی، تاہم اس بات کی کوئی ضمانت نہیں دی گئی کہ پاکستان مخالف سرگرمیاں بند ہوں گی۔

آخر میں خواجہ آصف نے کہا کہ حقانی نام ایک بزرگ نسبت سے جڑا ہوا ہے، اس کی حرمت کا خیال رکھا جائے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کیا جائے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter