فلسطینیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، وقت سب پر آئے گا: خواجہ آصف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی مسلمانوں اور معصوم بچوں کا بہتا ہوا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ مظلوم فلسطینیوں کی فریاد ضرور سنے گا۔

اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ آج فلسطینی نشانے پر ہیں، لیکن وہ وقت دور نہیں جب ظلم کرنے والوں پر بھی وقت آئے گا۔ اُن کے مطابق یہ سمجھنا غلط ہوگا کہ یہ صرف غزہ کا مسئلہ ہے، آج غزہ ہے تو کل کوئی اور ہو گا — یہ ایک عالمی المیہ ہے جسے دنیا کو سمجھنا ہوگا۔

latest urdu news

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان نے اپنی تاریخ میں ایک بڑے دشمن، بھارت، کو شکست دی کیونکہ ہمیں اللہ کی مدد پر یقین تھا اور ہمارے پاس غیر معمولی جذبہ تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی سے زیادہ اہم ایمان کی طاقت ہے۔

انہوں نے عرب ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے پاس وسائل اور جنگی ٹیکنالوجی کی کوئی کمی نہیں، لیکن اصل قوت سینے میں موجود ایمان کی ہونی چاہیے۔ انہوں نے عرب دنیا کو پاکستان کا برادر ملک قرار دیتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش بھی کی۔

غزہ کے لیے امداد لے جانے والی کشتی پر ڈرون حملہ، فلوٹیلا کا مشن متاثر

خواجہ آصف نے مغربی دنیا کی سیاسی وابستگیوں پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی طاقتوں نے مغربی سیاست کو یرغمال بنا رکھا ہے، اور امریکی قانون ساز جمہوریت کے نام پر اسرائیل کے تابع بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران فلسطینیوں نے اپنے خون سے دنیا کی رائے بدل کر رکھ دی ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل اب دنیا میں تنہائی کی طرف بڑھ رہا ہے، اور ایس سی او (شنگھائی تعاون تنظیم) جیسے نئے اتحاد عالمی سیاست کا منظرنامہ بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے مغربی میڈیا کے رویے میں بھی مثبت تبدیلی کو خوش آئند قرار دیا، اور کہا کہ جس میڈیا پر کبھی صیہونی اثر تھا، اب وہ بھی ضمیر کی آواز پر لبیک کہہ رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter