وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے متنازع بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کو اپنی سیاسی موت واضح نظر آ رہی ہے اور وہ اس صدمے سے باہر نہیں آ سکے۔
جیو نیوز کے پروگرام "آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ مودی بالآخر اپنی اصل حیثیت پر آ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے مودی جیسے رہنما جب اقتدار میں آتے ہیں تو نہ صرف اپنے ملک بلکہ خطے اور دنیا کے امن کو بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔
مودی کا دھمکی آمیز بیان اور اس پر ردعمل
نریندر مودی نے حال ہی میں گجرات میں ایک ریلی کے دوران پاکستان کے حوالے سے کہا: "پاکستان کے عوام دہشتگردی کے خلاف کھڑے ہوں، سکون سے زندگی گزاریں، ورنہ میری گولی تو ہے ہی۔”
اس بیان پر خواجہ آصف نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مودی کا لہجہ مایوسی اور شکست کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا: "مودی کو اندازہ ہو چکا ہے کہ ان کی سیاسی زمین کھسک چکی ہے، اب وہ صرف نفرت اور دھمکیوں کا سہارا لے رہے ہیں۔”
علیمہ خان کے بیان پر نرمی کا اشارہ
خواجہ آصف نے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لہجے میں کچھ نرمی اور مفاہمت کی جھلک محسوس ہوئی ہے، جو ایک نئی پیش رفت ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ علیمہ خان نے منگل کے روز کہا تھا: "ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات کریں، بتائیں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کیا کرنا ہوگا اور آپ کو کیا چاہیے کہ آپ انہیں رہا کر دیں۔”
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس بیان میں ایک راستہ تلاش کرنے کی کوشش نظر آتی ہے، اور اس پر غور کیا جانا چاہیے۔